دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 53 ہزار سے زائد افراد وائرس کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے، پوری دنیا میں وائرس سے 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ ہلاک افراد کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
اٹلی؛
کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک اٹلی ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد ہے۔
امریکا؛
امریکا میں صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ مسلسل دوسرے روز ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد کورونا وائرس کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
اسپین؛
اسپین میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہوتی جارہی ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے جب کہ ہلاکتیں 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔
برطانیہ؛
برطانیہ میں ایک ہی دن میں 570 سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں، صرف لندن میں ہی 100 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ وزیر صحت کی حالت بہتر ہونے پر وہ قرنطینہ سے باہر آگئے اور روزانہ ایک لاکھ ٹیسٹس کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2009 جب کہ متاثرین 33 ہزار سے زیادہ ہو گئے ہیں۔